فیصل آباد (ایجو کیشن رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ علم، تنقیدی سوچ اور عملی مہارتوں کو فروغ دیتے ہوئے اپنے اپنے شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کو یقینی بنائیں۔ کیونکہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا ایسے نوجوان گریجویٹس کا تقاضا کرتی ہے جو چیلنجز کو مواقع میں بدلنے اور معاشرے کی بہتری میں بامعنی کردار ادا کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوں۔
ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اور آف چیف ہال وارڈن کے زیرِ اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم محض ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ پیچیدہ مسائل کو سمجھنے، جدید اور مؤثر حل تلاش کرنے اور ملک کے مستقبل کی ذمہ داری اٹھانے کی صلاحیت پیدا کرنے کا ذریعہ ہے۔
پولینڈ کے سکول میں چاقو زنی کا ایک اور واقعہ, ایک شخص ہلاک، دو زخمی
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم، تحقیق اور کردار سازی پر بھرپور توجہ دیں تاکہ زراعت، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ، پانی کی قلت، ٹیکنالوجی میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں جیسے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل، خصوصاً زراعت اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ طلبہ کی صلاحیتوں سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو روایتی اندازِ فکر سے آگے بڑھنے اور جدید علم، ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے خود کو آراستہ کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ ایسے باصلاحیت پیشہ ور، محقق، کاروباری افراد اور قائدین بن کر ابھریں گے جو پاکستان اور عالمی برادری کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔