پشاور ( نمائندگان اردو تعلیم ڈاٹ کام) خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کے پیش نظر صوابی، مردان اور نوشہرہ اضلاع میں آج، بروز پیر، 12 اکتوبر 2026 کو تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے الگ الگ نوٹی فکیشن جاری کر دیے ہیں۔
نمائندگان اردو تعلیم ڈاٹ کام کے مطابق، صوابی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے مطابق، آج تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ملک کے ہرضلع سے ایک سکول کو ماڈل سکول بنا یا جائے گا،گوہر اعجاز
اسی طرح، ضلع مردان میں ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے تحت آج، 12 اکتوبر کو تمام سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں اور جامعات کی تعطیل رہے گی۔ مزید برآں، آج منعقد ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر مردان نے تمام متعلقہ محکموں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ضلع نوشہرہ میں بھی ڈپٹی کمشنر گوہر زمان نے آج، پیر کو تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، بشمول اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ یہاں بھی آج ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے منسوخ قرار دیے گئے ہیں۔ نوشہرہ انتظامیہ نے بھی متعلقہ حکام اور اداروں کے سربراہان کو جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوہاٹ کے زیرِ اہتمام ہونے والے تمام امتحانات کو بھی تاحکمِ ثانی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ کوہاٹ بورڈ حکام کے مطابق، امتحانات کے نئے شیڈول اور آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں طلبہ و طالبات، والدین اور متعلقہ اداروں کو بعد میں مطلع کیا جائے گا۔ طلبہ و طالبات اور اداروں کو صرف کوہاٹ بورڈ کے سرکاری اعلانات پر ہی بھروسہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔